کوئٹہ، 22 ستمبر (اے پی پی):صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال کی زیرِ صدارت صوبائی ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (ایڈمنسٹریشن) سید ندیم حیدر، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (الیکشنز) عبداللہ اور دیگر متعلقہ اداروں، بشمول نادرا، لوکل گورنمنٹ، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ منگل کو ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے کمیٹی کے کردار، فرائض اور انتخابی عمل میں عوامی شمولیت کو مؤثر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ شرکاء نے انتخابی عمل میں زیادہ سے زیادہ عوامی شمولیت یقینی بنانے کے لیے جامع سفارشات پیش کیں۔ اس موقع پر خواتین، نوجوانوں اور معاشرے کے محروم طبقات کی مؤثر شمولیت، خواتین کے شناختی کارڈز کے اجراء اور ووٹر رجسٹریشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے سمیت مختلف امور پر بھی تجاویز پیش کی گئیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے تمام شرکاء کی تجاویز اور فعال شرکت کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ موصول سفارشات کی روشنی میں ووٹر آگاہی اور انتخابی شمولیت کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔











