موسمیاتی تبدیلی: پیچیدہ اصطلاحات کے بجائے کمیونٹی پر مبنی عملی اقدامات کی ضرورت ہے، ڈاکٹر مصدق ملک

0

اسلام آباد، 7 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان کے موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ شہروں اور کمزور آبادیوں کے مسائل کے حل کے لیے طویل طریقہ کار اور ترقیاتی اصطلاحات کے بجائے عملی، کمیونٹی پر مبنی اور دیرپا اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ کی بولیویا سے تعلق رکھنے والی افسر مس اوڈی اینجیلو (Oddy Angelo) سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں شہری ترقی، موسمیاتی لچک، پانی و نکاسی آب، سیلاب سے نمٹنے اور کمزور آبادیوں کے لیے عملی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تعاون کا حتمی مقصد زمینی سطح پر عوامی مسائل کا حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مزید پیچیدہ اصطلاحات کے بجائے آلودہ پانی، ناقص نکاسی آب اور بنیادی سہولیات کی کمی کے شکار علاقوں میں فوری اور عملی حل درکار ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے زور دیا کہ ماضی کے بکھرے ہوئے کامیاب منصوبوں کو وسیع پیمانے پر نافذ کیا جائے تاکہ وہ قومی ایجنڈے کا حصہ بن سکیں۔ انہوں نے آلودہ پانی والے علاقوں میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس اور سیلاب سے تحفظ کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر نے نیشنل اربن اسٹریٹیجی کو فوری طور پر عملی شکل دینے، تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کے مابین رابطہ کاری بہتر بنانے اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے موسمیاتی تبدیلی و گرین انڈسٹری میں بزنس و انوویشن آئیڈیاز مقابلہ شروع کرنے کی بھی تجویز پیش کی تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کا اصل پیمانہ کم سے کم تاخیر، زیادہ سے زیادہ عملی کام اور کمزور کمیونٹیز کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لانا ہے۔