نیویارک ،22ستمبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر لیبیا کے قائم مقام وزیر برائے خارجہ امور و بین الاقوامی تعاون الطاہر الباعور سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی و بین الاقوامی امور، بالخصوص مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور لیبیا کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، تعلیم اور کاروباری سطح پر روابط سمیت دوستانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی امن، توانائی کی فراہمی اور عالمی معیشت بالخصوص ترقی پذیر ممالک پر اس کے اثرات بارے بھی گفتگو کی۔لیبیا کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابل عمل ذرائع ہیں ، علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے تمام فریقوں کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی طرف واپس آنا چاہیے۔











