نیشنل پرائیویٹ ایکویٹی پالیسی فریم ورک کی تیاری کے لیے کمیٹی کا دوسرا اجلاس

4

اسلام آباد،3ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت نیشنل پرائیویٹ ایکویٹی پالیسی فریم ورک کی تیاری کے لیے کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں پاکستان میں نجی ایکویٹی کے شعبے کو مضبوط بنانے، ملکی و غیر ملکی طویل مدتی سرمایہ کاری کے فروغ اور پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے پالیسی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ نجی ایکویٹی کاروباری اداروں کو ترقی کے لیے سرمایہ فراہم کرنے، ملکی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، روزگار اور پیداواری صلاحیت میں اضافے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔اجلاس میں نجی ایکویٹی اور وینچر کیپیٹل کے لیے قانونی و ضابطہ جاتی فریم ورک، ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی شمولیت، ٹیکس پالیسی اور سرمایہ کاری کے لیے شفاف و قابلِ اعتماد نظام سے متعلق سفارشات پر غور کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ پالیسی فریم ورک کو عملی، شفاف اور مؤثر بنایا جائے تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔اجلاس میں متعلقہ اداروں کو پالیسی کے مختلف شعبوں پر کام تیز کرنے اور سفارشات کو جامع قومی فریم ورک کی شکل دینے کی ہدایت کی گئی۔