اسلام آباد،80 ستمبر ( اے پی پی): اطالوی جمہوریہ کے سفیر یوگو سیارلاتانی (Ugo Ciarlatani)
نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ۔
پاکستان میں تعینات ہونے والے نئے اطالوی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اطالوی رہنما کے ساتھ اپنی سابقہ ملاقاتوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے وزیراعظم میلونی کا مسلسل چار سال تک عہدے پر فائز رہنے پر بھی مسرت کا اظہار کیا، جس کے ساتھ ہی وہ اٹلی کی طویل ترین مدت تک خدمات انجام دینے والی رہنما بن گئی ہیں۔
سفیر سیارلاتانی نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنی تعیناتی کے دوران پاکستان اور اٹلی کے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مستحکم کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ اس سلسلے میں، انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، بالخصوص زراعت، آئی ٹی (IT) و مصنوعی ذہانت (AI)، صنعت، ٹیکسٹائل اور عوامی سطح پر رابطوں کے شعبوں میں پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔











