وزیراعظم محمد شہباز شریف کی پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات،تعاون کو  جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

0

نیویارک،25ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ اور مثبت تعلقات کو مستحکم رکھنے کے لیے پرنس رحیم آغا خان کے عزم کو سراہتے ہوئے امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے   قریبی تعاون کو  جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے،پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بالخصوص اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات قابل تحسین ہیں،معاشرے کے لیے خدمت اور شہری شمولیت کی اس قابلِ قدر روایت کو سراہتے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو    نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور رواں سال کے اوائل میں آغا خان کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی اپنی ملاقات کو  یاد کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ اور مثبت تعلقات کو مستحکم رکھنے کے لیے پرنس رحیم آغا خان کے عزم کو سراہتے ہوئے امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے ان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بالخصوص اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات کو  سراہا اور معاشرے کے لیے خدمت اور شہری شمولیت کی اس کی قابلِ قدر روایت کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے اے-کے۔ڈی-این سے وابستہ اداروں کی مالیاتی شمولیت، سیاحت کے فروغ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مقامی آبادی کی شمولیت سے معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے ان شعبوں میں مزید تعاون کے وسیع امکانات سے بھرپور استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پاکستان میں پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم کے   جذبات پر اظہار تشکر کیا اور ایسی صورتحال میں، جب پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں ہے، علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔پرنس رحیم آغا خان نے پاکستان اور اے-کے۔ڈی-این کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے انسانی ترقی کے مختلف شعبوں  بالخصوص صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں تعاون کو جاری رکھنے اور وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان کو پاکستان کے باقاعدگی سے دورے کرنے کی دعوت دی تاکہ کئی دہائیوں سے قائم دوستی اور تعاون کے رشتوں کو مزید مضبوط اور گہرا کیا جا سکے۔