وزیراعظم پیٹرول ریلیف اسکیم: وفاقی وزیر شزہ فاطمہ کا پیٹرول پمپس کا دورہ، سہولت کا جائزہ

1

اسلام آباد، 17 ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مختلف پیٹرول پمپس کے دورے کیے اور وزیراعظم پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت عوام کو فراہم کی جانے والی سہولت کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر نے تیسرے روز بھی عوام سے اسکیم کے حوالے سے براہِ راست گفتگو کی۔

اس موقع پر شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر رجسٹریشن کا میسج مفت کر دیا گیا ہے، اس لیے عوام بتائے گئے طریقہ کار کے مطابق ہی رجسٹریشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سے ملک بھر میں وزیراعظم پیٹرول ریلیف اسکیم عوام کو فائدہ پہنچا رہی ہے، جبکہ یہ ٹارگٹڈ ریلیف خاص طور پر مستحق طبقے کے لیے رکھی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رعایتی پیٹرول کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رعایتی پیٹرول کی فراہمی میں ٹال مٹول یا غفلت برتنے والوں سے انتظامیہ سختی سے نمٹے گی۔

دورے کے دوران سستا پیٹرول مہیا ہونے پر عوام نے وفاقی وزیر کی کاوشوں کو سراہا اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔