وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں

0

نیویارک، 22 ستمبر (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کے افتتاحی سیشن کے موقع پر اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کی ہیں۔

ترجمان پرائم منسٹر آفس (میڈیا ونگ) کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس میں شرکت کے سلسلے میں امریکہ کے دورے پر نیویارک میں موجود ہیں، جہاں افتتاحی سیشن کے موقع پر انہوں نے عالمگیر اہمیت کے حامل اس اجلاس میں شریک مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔

دورے کے دوران وزیرِ اعظم کی آسٹریا کے فیڈرل چانسلر کرسچن اسٹاکر اور صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود سے علیحدہ علیحدہ غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔

خوشگوار ماحول میں ہونے والی ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور متعلقہ ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔