وزیرِ خزانہ کا ڈی سی او مکالمے میں اظہارِ خیال، ڈیجیٹل تبدیلی کو معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب منتقلی کے لیے کلیدی قرار دیا

0

نیویارک،23ستمبر(اے پی پی):  وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے 81ویں اجلاسِ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے اپنے دورۂ نیویارک کے دوران ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے اعلیٰ سطحی وزارتی مکالمے میں شرکت کی۔ انہوں نے ڈیجیٹل تبدیلی کو پاکستان کی معاشی استحکام سے پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب منتقلی کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا۔

وزیرِ خزانہ نے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر اور کیش لیس ادائیگیوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رابطہ کاری کے ساتھ ساتھ ہنر میں بہتری اور نئی مہارتوں کے حصول پر بھی توجہ دینا ضروری ہے تاکہ فری لانسرز اور دیگر ڈیجیٹل شعبے سے وابستہ افراد اعلیٰ مہارت کی حامل خدمات کی جانب منتقل ہو سکیں۔

ورچوئل اثاثہ جات کے وسیع پیمانے پر بڑھتے ہوئے استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے قانون سازی، نگرانی اور لائسنسنگ کے حوالے سے پاکستان کی جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل اثاثہ جات کے استعمال کو صرف کرپٹو کرنسی تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ کم لاگت اور آسان ترسیلاتِ زر کے ساتھ ساتھ سرکاری قرض اور رئیل اسٹیٹ کی ممکنہ ٹوکنائزیشن جیسے عملی استعمالات پر بھی توجہ دی جانی چاہیے۔

وزیرِ خزانہ نے ڈی سی او کے رکن ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کامیاب تجربات اور مؤثر طریقۂ کار کا تبادلہ کیا جا سکے اور ڈیجیٹل معیشت میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔