کراچی، 30ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور امیگریشن عمل کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ بیرونِ ملک جانے والے مسافروں سے ملے اور ان سے امیگریشن کے طریقۂ کار اور دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا،انھوں نے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات بھی چیک کیں اور ایف آئی اے حکام سے ان کی تصدیق کرائی۔
محسن نقوی نے امیگریشن ٹیم کے انتظامات پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کاؤنٹرز پر اضافی عملہ تعینات کرنے سے مسافروں کی طویل قطاریں ختم ہو گئی ہیں،وفاقی وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ امیگریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اکبر کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا،مسافروں کو امیگریشن کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور نامکمل یا غیر تصدیق شدہ سفری دستاویزات کے حامل مسافروں کو ہرگز سفر کی اجازت نہ دی جائے۔











