اسلام آباد،25 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے تصفیہ قانون سازی امور (سی سی ایل سی) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف وزارتوں، محکموں اور ڈویژنز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے فیس اینڈ چارجز رولز، پاکستان کوسٹ گارڈز ایکٹ 1973 کے علاقائی فنڈ کے قواعد، اور ڈرگز ریسرچ رولز 1978 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر کمیٹی نے سی سی ایل سی کی سفارشات و تجاویز شامل کرنے کی شرط پر بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے قانون میں ترامیم کی مشروط منظوری بھی دی، جبکہ ایف آئی اے ایکٹ 1974 اور امیگریشن رولز 1979 سے متعلق ترامیم کو فی الحال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔











