وفاقی وزیر احسن اقبال کی بچوں کے روشن مستقبل کے لیے پولیو کے مکمل خاتمے کی کاوشیں مؤثر بنانے کی ہدایت

1

اسلام آباد،18 ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ بچوں کے محفوظ، صحت مند اور روشن مستقبل کے لیے پولیو کے مکمل خاتمے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانا ہو گا، جس کے لیے والدین، صوبائی حکومتیں، علماء کرام، نوجوان اور ترقیاتی شراکت دار اس قومی مقصد کے حصول میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

نیشنل ٹاسک فورس برائے انسدادِ پولیو کے اجلاس اور باضابطہ افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیو کے خلاف جاری کاوشوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور اس کامیابی کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے پولیو سے پاک معاشرے کا مقصد حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا ان کے بہتر مستقبل اور معاشرے کی مضبوط بنیاد کے لیے ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر نے والدین، بالخصوص ماؤں سے اپیل کی کہ پولیو ورکرز کی گھر آمد پر بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے قطرے بچوں کی صحت اور مستقبل کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور والدین کی شمولیت اس قومی مہم کی کامیابی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

احسن اقبال نے علماء کرام، کمیونٹی اور رائے عامہ کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ پولیو سے متعلق عوامی آگاہی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں اور والدین کو بچوں کی ویکسینیشن کی اہمیت سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شعور اور تعاون کے ذریعے پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں، بالخصوص یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات سے بھی اپیل کی کہ وہ کمیونٹی آگاہی کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں۔ نوجوان اپنی صلاحیتوں اور توانائی کو بروئے کار لاتے ہوئے صحت مند اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بچوں کے ابتدائی سال ان کی جسمانی، ذہنی اور سماجی نشوونما کے لیے انتہائی اہم ہوتے ہیں۔ اس مرحلے میں صحت مند، سازگار اور محبت بھرا ماحول، اچھی نگہداشت اور مثبت تربیت بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ بچوں کی بہتر نگہداشت اور صحت مند نشوونما دراصل ملک کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ مستقبل کا پاکستان آج ماؤں کی گود میں ہے اور آج کے بچے ہی آنے والے پاکستان کا چہرہ ہوں گے، اس لیے بچوں کی صحت، تعلیم، تربیت اور بہتر نگہداشت کو یقینی بنا کر ہم قومی مستقبل کو محفوظ اور مضبوط بنا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے ملک بھر میں خدمات انجام دینے والے پولیو ورکرز، مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں بل گیٹس فاؤنڈیشن اور یونیسف سمیت تمام بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون کی بھی تعریف کی۔