اسلام آباد، 16 ستمبر (اے پی پی ):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے نائب وزیر پبلک سیکیورٹی گاو چی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات سے متعلق مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام اور جدید ٹیکنالوجی و آلات کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ چین پاکستان میں جدید طرز کے لا انفورسمنٹ سینٹر کے قیام میں تعاون کرے گا۔
چینی نائب وزیر داخلہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور عزم کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ لا انفورسمنٹ سینٹر پاک چین دوستی کی ایک اور روشن علامت ہو گا۔ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چینی اے آئی بیسڈ ٹیکنالوجی و آلات سے بہت مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم داخلی سلامتی سے متعلق تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔











