وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ نگرانی جناح پیپلز ٹرین کیرج فیکٹری سے روانہ  

1

اسلام آباد۔ 21 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت اور زیرِ نگرانی جناح پیپلز ٹرین کا ریک کیرج فیکٹری سے شاندار انداز میں روانہ کر دیا گیا ہے۔ کیرج فیکٹری اسلام آباد کے محنت کشوں اور عملے نے صرف چار ماہ کی ریکارڈ مدت میں اس ٹرین کے کوچز تیار کیے اور اپنی شبانہ روز محنت سے تیار کی گئی اس پیشرفت پر فخر و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ٹرین کو الوداع کیا۔

جناح پیپلز ٹرین کی بحالی پاکستان ریلوے کی کاوشوں اور حکومتِ بلوچستان کے خصوصی تعاون کا عملی ثبوت ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور حکومتِ بلوچستان کے تعاون پر گہرے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی شراکت داری کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو عملی شکل دی جا رہی ہے جو قومی یکجہتی کی بہترین مثال ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے اپنے پیغام میں زور دے کر کہا کہ پاکستان ریلوے کسی ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کا قومی ادارہ ہے، جو ملک کے تمام حصوں اور عوام کو آپس میں جوڑنے والی ایک مضبوط اور ناقابلِ تنسیخ زنجیر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے باہمی تعاون اور اشتراک سے ریلوے کے ذریعے عوامی خدمت اور قومی رابطے کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔

ترجمان ریلوے کے مطابق جناح پیپلز ٹرین جلد ہی بلوچستان میں سریاب سے کچلاک کے درمیان اپنے باقاعدہ آپریشن کا آغاز کرے گی۔ اس منصوبے کے تحت سریاب، کچلاک، شیخ ماندا، بلیلی، جی او آر ہالٹ اور کوئٹہ سمیت اہم اسٹیشنوں پر مسافروں کی آسانی کے لیے بنیادی سہولیات کی بہتری اور اپ گریڈیشن کا کام مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو معیاری ماحول فراہم کیا جا سکے۔

جناح پیپلز ٹرین کی بحالی سے بلوچستان کے عوام بالخصوص طلبہ، خواتین، بچوں، مزدوروں اور عام شہریوں کو سستی، محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ یہ پیشرفت نہ صرف مقامی آبادی کے سفری مسائل حل کرے گی بلکہ بلوچستان کے عوام کے لیے سفری سہولت کی فراہمی اور صوبے کو ریلوے کے قومی نیٹ ورک سے مزید مضبوطی کے ساتھ جوڑنے کی جانب ایک اہم اور سنگِ میل کاوش ثابت ہوگی۔