وکٹ اور حالات کے مطابق بولنگ ہی کامیابی کی ضامن بنی، نشرہ سندھو اور طوبیٰ حسن کی پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو

4

 

اسلام آباد، 02 ستمبر (اے پی پی): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے قومی خواتین کرکٹرز نشرہ سندھو اور طوبیٰ حسن نے کہا ہے کہ وکٹ اور حالات کے مطابق کی گئی درست بولنگ ہی میچ میں کامیابی کی ضامن بنی۔

اسپنر نشرہ سندھو کا کہنا تھا کہ پچ پر غیر معمولی اور غیر یکساں باؤنس کی وجہ سے انہوں نے زیادہ تجربات کرنے کے بجائے معاملات کو سادہ رکھا اور ایک ہی ٹارگٹ پر مسلسل بولنگ کی، کیونکہ لو اسکورنگ اور اسپن کی مددگار پچز پر حریف ٹیم کے خلاف مسلسل ایک ہی لائن پر گیند پھینکنا انتہائی ضروری ہوتا ہے اور ایسی پچز پر 140 رنز کا ہدف بھی ہمارے اسپن اٹیک کے لیے کافی ہوتا ہے۔

دوسری جانب طوبیٰ حسن نے بتایا کہ ان کا پلان بھی صرف وکٹوں کے درمیان اور ایک ہی جگہ پر بولنگ کرنے کا تھا، جبکہ انہوں نے میچ میں اپنی بیٹنگ سے بھی لطف اندوز ہونے کی کوشش کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم اگلے میچ کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہے جہاں گرمی اور حبس کے مطابق خود کو ڈھالنے کے ساتھ ساتھ گزشتہ غلطیوں کو کم سے کم کرنے اور کھیل میں تسلسل برقرار رکھنے پر توجہ دی جائے گی۔