پاکستان ، یورپی یونین کے درمیان 6 کروڑ 50 لاکھ یورو کے معاہدوں پر دستخط

6

اسلام آباد،21 ستمبر(اے پی پی): پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 6 کروڑ 50 لاکھ یورو کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے، جن کے تحت ملک میں تین اہم ترقیاتی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق ان پروگراموں سے سرمایہ کاری، قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کو تقویت ملے گی جبکہ توانائی اور ماحولیاتی استحکام کے اقدامات بھی آگے بڑھیں گے۔

معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے دستخط کیے۔ گلوبل گیٹ وے پروگرام کے تحت پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے، ٹیکس نظام اور طویل مدتی مالیاتی منصوبہ بندی کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔وزارت اقتصادی امور کے مطابق خیبرپختونخوا کے آف گرڈ دیہی علاقوں میں قابلِ تجدید توانائی کو فروغ دیا جائے گا جبکہ توانائی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری اور شراکت داری بڑھائی جائے گی۔

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کی انصاف تک رسائی بہتر بنانے جبکہ پنجاب اور سندھ میں متبادل اور تجارتی تنازعات کے حل کے نظام کو مضبوط کرنے کے اقدامات بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق پروگرام سے یورپی اور دیگر غیرملکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھے گی۔ سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے یورپی یونین کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے قومی ہدف سے ہم آہنگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے دیہی علاقوں میں بجلی کی رسائی اور تجارتی تنازعات کے حل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ معاہدے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری میں معاونت کے عزم کا اظہار ہیں۔