پاکستان نیوی نے یومِ بحریہ جوش و جذبے سے منایا، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش

0

راولپنڈی ،08 ستمبر (اے پی پی ):پاکستان نیوی نے یومِ بحریہ منایا اور 1965ء کی جنگ میں اپنے بہادر افسران و جوانوں کی شجاعت کو یاد کیا۔ اس موقع پر مادرِ وطن کے دفاع میں نسلوں سے جاری قربانی، پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کے تسلسل کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے یومِ بحریہ کے پیغام میں کہا کہ تاریخی آپریشن سومناتھ اس بات کا مظہر ہے کہ کس طرح ایک پُرعزم بحری قوت، جرات اور عزم کے ساتھ عددی اور مادی کمی کے باوجود فیصلہ کن نتائج حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سومناتھ کے دوران قائم ہونے والی جرات و عزم کی میراث آج بھی قائم ہے، جس کا مظاہرہ حال ہی میں معرکہِ حق کے دوران پاک بحریہ کی جانب سے بھارتی بحریہ کے خلاف کامیاب دفاعی حکمتِ عملی کی صورت میں سامنے آیا۔

یومِ بحریہ کا آغاز قرآن خوانی اور شہداء کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ نیول چیف نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرکے ان کی قربانیوں اور حوصلے کو سراہا۔

ملک بھر میں یومِ بحریہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔