اسلام آباد، 2 ستمبر(اے پی پی): پاکستان نے یونیسکو سے خیبر پختونخوا کے تاریخی مقام رانی گھاٹ اور سندھ کے قدیم بنبھور کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ کی مستقل فہرست میں شامل کرانے کے لیے تعاون اور معاونت فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
یہ درخواست پاکستان میں یونیسکو کے نمائندے فوائد پاشایف اور وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کے درمیان ملاقات کے دوران کی گئی۔ ملاقات میں بتایا گیا کہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ مرکز کی عارضی فہرست میں پاکستان کے 37 مقامات شامل ہیں، جن میں آثارِ قدیمہ کا مقام رانی گھاٹ اور بنبھور بھی شامل ہیں۔
ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی سے متعلق ایک وفد کا 6 سے 11 ستمبر 2026 کے دوران بنبھور کا دورہ متوقع ہے، جبکہ وفاقی سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی کو بھی وفد میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کے تاریخی و ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، ورثہ مقامات کی نامزدگی کے عمل کو آگے بڑھانے اور تحفظ کے لیے یونیسکو سے خصوصی تعاون طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں متعدد اہم آثارِ قدیمہ اور ثقافتی مقامات کو زیادہ توجہ، تکنیکی معاونت اور بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔
یونیسکو کے نمائندے فوائد پاشایف نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ یونیسکو پاکستان کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا اور پاکستان میں یونیسکو کا دفتر ورثے کے تحفظ اور اس سے متعلق امور کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گا۔











