پاکستان کی معیشت استحکام سے پائیدار اور ذمہ دارانہ ترقی کی جانب بڑھ رہی ہے، سینیٹر محمد اورنگزیب

0

اسلام آباد، 17 ستمبر (اے پی پی ):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت استحکام سے پائیدار اور ذمہ دارانہ ترقی کی جانب بڑھ رہی ہے، جس کے لیے سرمایہ کاری، پیداواری صلاحیت اور برآمدات کو ترقی کا بنیادی محرک بنانا ہوگا۔

لیڈرز اِن اسلام آباد بزنس سمٹ 2026 کے 9ویں ایڈیشن ’’دی نیکسٹ موو‘‘ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی معاشی ترجیحات میں میکرو اکنامک استحکام کو پائیدار بنانا، پیداواری اور برآمدات پر مبنی ترقی کو فروغ دینا، ساختی اصلاحات کا تسلسل، امداد سے تجارت و سرمایہ کاری کی جانب منتقلی اور نئی معیشت میں پاکستان کی مؤثر شمولیت شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب بہتر پوزیشن میں ہے اور موجودہ مالی سال کے دوران بھی بہتری کا عمل جاری ہے۔ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری، ترسیلات زر میں مضبوط اضافہ اور آئی ٹی برآمدات میں مسلسل توسیع بیرونی شعبے کو معاونت فراہم کر رہی ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اقتصادی استحکام کے حاصل شدہ فوائد کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ پیداواری صلاحیت، مسابقت اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کو مضبوط بنانے کے لیے ساختی اصلاحات جاری رکھے ہوئے ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی آئندہ ترقی کا رخ برآمدات، سرمایہ کاری اور پیداواری استعداد میں اضافے سے متعین ہونا چاہیے۔ روایتی برآمدی شعبوں کی مسابقت بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ برآمد کنندگان کو معاون مالی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امداد پر انحصار سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب واضح طور پر آگے بڑھ رہا ہے، جس کے لیے دوطرفہ تجارتی روابط کو وسعت دینے، نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور علاقائی و عالمی منڈیوں میں پاکستان کے انضمام کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں چار سال کے وقفے کے بعد عالمی کیپٹل مارکیٹ میں دوبارہ واپسی کی ہے، جو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے پاکستان پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی شرکت پاکستان کے لیے عالمی سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی نشاندہی کرتی ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے نئی معیشت کے مواقع سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن، بلاک چین اور ویب تھری سمیت ابھرتے ہوئے شعبوں میں پاکستان کے لیے وسیع امکانات موجود ہیں۔ نوجوان اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ افرادی قوت کو سازگار پالیسی اور سرمایہ کاری کے ماحول کے ساتھ جوڑ کر عالمی معیشت کے اعلیٰ قدر والے شعبوں میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو معاشی سمت میں تسلسل برقرار رکھتے ہوئے میکرو اکنامک استحکام، پائیدار ترقی، ساختی اصلاحات، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ اور نئی معیشت میں مؤثر شمولیت کے اہداف پر توجہ مرکوز رکھنا ہوگی۔

انہوں نے سمٹ کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم پاکستان کی معاشی ترجیحات اور مستقبل میں ترقی کے مواقع پر بامعنی مکالمے کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔