چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب و ایم پی اے سارہ احمد کاڈیف ریچ اسکول و سینٹر کا دورہ

6

لاہور، 29 ستمبر ( اے پی پی)  چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب و ایم پی اے سارہ احمد نے ڈیف ریچ اسکول و سینٹر کا دورہ کیا۔ڈیف ریچ کے آپریشنز ڈائریکٹر و کمپنی سیکرٹری ڈینیئل مارک لینتھیئر نے چیئرپرسن سارہ احمد کا استقبال کیا۔ ڈینیئل مارک لینتھیئر نے چیئرپرسن سارہ احمد کو ڈیف ریچ فاؤنڈیشن کے منصوبے، اغراض و مقاصد اور مختلف پروگرامز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے ڈیف ریچ اسکول و سینٹر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور بچوں کو فراہم کی جانے والی تعلیمی، تربیتی اور معاون سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ خصوصی بچوں کو معیاری تعلیم، تحفظ اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔

چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے زیرِ نگہداشت بچوں کی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں،  خصوصی بچوں کو معاشرے کا بااختیار اور فعال حصہ بنانے کے لیے ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور مساوی مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے، چیئرپرسن سارہ احمد نے ڈیف ریچ اسکول میں زیرِ تعلیم بچوں سے ملاقات کی اور ان سے گھل مل کر ان کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کے بارے میں گفتگو کی۔ سارہ احمد نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے رہائشی بچوں سے بھی خصوصی طور پر ملاقات کی۔چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بچوں سےان کی تعلیمی پیش رفت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے خصوصی بچوں کے لیے فراہم کی جانے والی تعلیمی و تربیتی سہولیات اورمعاون ماحول کو سراہا۔