گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطحی وفد کی چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد سے ملاقات

0

اسلام آباد، 10 ستمبر(اے پی پی):گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطحی وفد کی چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سے ملاقات، خواتین بینیفشریز اور ان کے خاندانوں کے لیے سماجی تحفظ کے اقدامات مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت جینڈر ایکویلٹی ڈویژن کی صدر ڈاکٹر انیتا زیدی نے کی۔

ملاقات میں خواتین بینیفشریز میں ڈیجیٹل و مالیاتی خواندگی، زچہ و بچہ کی صحت اور ویکسینیشن سے متعلق آگاہی بڑھانے پر زور دیا گیا جبکہ ملک بھر کے اضلاع میں ابتدائی طور پر پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ اب تک لاکھوں خواتین بینیفشریز کو ڈیجیٹل والٹ کے لیے مفت سمز جاری کی جا چکی ہیں جبکہ بینظیر نشوونما پروگرام سے بھی لاکھوں بینیفشریز مستفید ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر نشوونما مراکز کے ذریعے زچہ و بچہ کی صحت اور ویکسینیشن سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا سکتی ہے۔ بینظیر ہنرمند پروگرام کے ذریعے بینیفشریز اور ان کے خاندانوں کو سکل ٹریننگ فراہم کی جا رہی ہے تاکہ یہ خاندان غربت کے چکر سے نکل سکیں۔

ڈاکٹر انیتا زیدی نے بی آئی ایس پی کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو سراہتے ہوئے ماں اور بچے کی صحت سمیت دیگر پروگرامز، خصوصاً بینظیر ہنرمند پروگرام کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔