یومِ دفاع و شہداء پر نوجوان پُرعزم، شہداء کی قربانیوں کو سلام اور روشن پاکستان کے عزم کا اعادہ

4

اسلام آباد، 03 ستمبر (اے پی پی): یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر ملک بھر کے نوجوانوں نے ارضِ پاک کے بہادر سپوتوں کی شجاعت اور لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے روشن و ترقی یافتہ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یومِ دفاع و شہداء کے حوالے سے تمام پاکستانی نوجوانوں نے ارضِ پاک سے تجدیدِ عہدِ وفا کیا۔ نوجوانوں نے کہا کہ وہ شہداء کے عزم و حوصلے کو اپنی زندگیوں کے لیے مشعلِ راہ بنائیں گے۔

پاکستانی نوجوانوں نے اپنے غازیوں اور شہیدوں کو سلامِ وفا پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی جوان فولادی جذبے کا حامل ہے، جبکہ محنت، عزم اور کردار ہی وطنِ خداداد کی ترقی کی مضبوط بنیاد ہے۔

نوجوانوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اسلاف کے خوابوں کو پورا کر کے اس وطن کو ترقی کی منزل پر لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس کی حقیقی منزل پر پہنچانے کے لیے قوم اور اس کے نوجوان غیر متزلزل عزم رکھتے ہیں۔

یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر نوجوانوں نے عہد کیا کہ وہ اتحاد اور محنت سے پاکستان کو ترقی کی منزل تک لے جائیں گے اور مادرِ وطن کی عزت و وقار کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں گے۔