یوم دفاع و شہداء: پشاور کے تعلیمی اداروں میں پاک فوج کے زیراہتمام پروقار تقریبات

4

پشاور ، 3ستمبر (اے پی پی):یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے پشاور کے مختلف تعلیمی اداروں میں پاک فوج کے زیراہتمام پروقار تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

آئی سی ایم ماڈل اسکول، پلے بی کیڈٹ کالج اور علی گڑھ ایجوکیشن اسکول میں منعقدہ تقریبات میں طلباء و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے سے حصہ لیا۔

تقریبات کے دوران ملی نغمے پیش کیے گئے جبکہ ٹیبلوز اور تقریری مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ طلباء و طالبات نے دفاع وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

یوم دفاع و شہداء کی ان تقریبات میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے خصوصی شرکت کر کے بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔ بچوں نے پاک فوج کے جوانوں کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور وطن سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

تقریبات کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔