اسلام آباد میں مستقل ڈمپنگ گراؤنڈ کے لیے چک بیلی روڈ پر جگہ حاصل کر لی گئی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

0

اسلام آباد۔ 19 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی ستھرائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ کچرے کو مستقل بنیادوں پر ٹھکانے لگانے کے لیے راولپنڈی میں چک بینی روڈ پر جگہ حاصل کر لی گئی ہے۔

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں رکن قومی اسمبلی آسیہ ناز تنولی کی جانب سے سیکٹر آئی ٹین اور آئی الیون کے درمیان کچرا ٹھکانے لگانے سے پیدا ہونے والی آلودگی، بدبو، زیر زمین پانی کے آلودہ ہونے کے خدشات اور صحت عامہ کو لاحق خطرات سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جامع نظام موجود ہے، تاہم بعض دیہی علاقوں میں ماضی کے انتظامی مسائل کے باعث صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہری علاقوں میں صفائی اور کچرا اٹھانے کی ذمہ داری بنیادی طور پر سی ڈی اے کے ملازمین انجام دے رہے ہیں، جبکہ دیہی علاقوں میں یہ خدمات آؤٹ سورسنگ کے ذریعے فراہم کی جاتی رہی ہیں۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سیکٹر آئی ٹین اور آئی الیون میں صفائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا نظام سی ڈی اے کے اپنے ملازمین کے زیر انتظام ہے۔ سی ڈی اے جدید مشینری حاصل کر چکا ہے جس سے صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک رکھنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ اسلام آباد میں ماضی میں کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے بعض عارضی ڈمپنگ مقامات قائم کیے گئے تھے، تاہم اب راولپنڈی کے تعاون سے ضلع راولپنڈی میں چک بینی روڈ پر مستقل ڈمپنگ گراؤنڈ کے لیے جگہ حاصل کر لی گئی ہے، جہاں مستقبل میں کچرے کو مستقل بنیادوں پر ٹھکانے لگایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔ سیکٹر آئی ٹین اور آئی الیون سے متعلق شکایات بڑی حد تک دور کی جا چکی ہیں، جبکہ باقی مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔