بشیر احمد ورک ایک اصول پسند، باوقار اور آزادانہ رائے رکھنے والے پارلیمنٹیرین تھے، ان کی کمی ہمیشہ  محسوس کی جائے گی، سید نوید قمر

6

اسلام آباد، 13 اکتوبر (اے پی پی): پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے سابق رکن قومی اسمبلی بشیر احمد ورک کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک اصول پسند، باوقار اور آزادانہ رائے رکھنے والے پارلیمنٹیرین تھے، جنہوں نے ہمیشہ اپنے ضمیر اور اصولوں کے مطابق فیصلے کیے اور کبھی محض پارٹی  مؤقف کی بنیاد پر اپنی رائے تبدیل نہیں کی۔

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ انہیں بشیر احمد ورک کے ساتھ طویل عرصے تک پارلیمانی کمیٹیوں میں کام کرنے کا موقع ملا۔ پانچ پارلیمانی ادوار میں وہ مختلف حیثیتوں سے کمیٹیوں کا حصہ رہے لیکن ان کے رویے، اصول پسندی اور دوسروں کے احترام میں کبھی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ بشیر احمد ورک قانونی معاملات پر گہری نظر رکھتے تھے اور بعض اوقات وزیر قانون یا حکومتی نمائندوں کی رائے سے اختلاف بھی کرتے تھے۔ وہ کسی معاملے پر محض اس لیے اتفاق نہیں کرتے تھے کہ ان کی جماعت کا مؤقف ایسا ہے بلکہ ہمیشہ قانونی اور اصولی بنیادوں پر اپنی رائے پیش  کرتے تھے۔

سید نوید قمر نے کہا کہ بشیر احمد ورک نے عدالتی نظام کی نچلی سطح سے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کیا اور ان کی شخصیت میں ایک قانون دان کی سوچ ہمیشہ نمایاں رہی۔ وہ پہلے ایک سچے قانون دان اور  پھر پارلیمنٹیرین تھے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں بہت سے لوگ آتے ہیں اور اپنا کردار ادا کرکے رخصت ہو جاتے ہیں لیکن بشیر احمد ورک اپنے پیچھے محبت، احترام اور ایسی یادیں چھوڑ گئے ہیں جنہیں فراموش کرنا ممکن نہیں، ان کی جگہ پُر کرنا آسان نہیں ہوگا اور انہیں ہمیشہ محبت اور احترام سے یاد رکھا جائے گا۔