بی آئی ایس پی کاخواتین بینیفشریز کو نئے ڈیجیٹل نظام سے آگاہ کرنے کیلئے تربیتی مہم کا آغاز

4

لاہور،9اکتوبر  (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے خواتین بینیفشریز کو نئے ڈیجیٹل والٹ نظام کے طریق کار، سہولیات اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنے کے لیے ملک گیر تربیتی مہم کا آغاز لاہور سے کر دیا ہے۔

اس سلسلہ میں جمعہ کو تربیتی سیشن کے افتتاحی کلمات میں ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر عصمت نواز نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی نظام کی کامیابی کے لیے عملے کی موثر تربیت، استعدادِ کار میں اضافہ اور خواتین بینیفشریز کو جامع آگاہی فراہم کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کے تحت انٹرآپریبلٹی کی سہولت کے باعث خواتین بینیفشریز ادائیگی کا تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہونے کے بعد ملک کے کسی بھی شہر میں پارٹنر بینکوں کے مجاز ریٹیلرز سے اپنی رقم نکلوا سکیں گی، اس سہولت سے مخصوص ادائیگی مراکز پر انحصار کم ہوگا، سفر کے اخراجات اور مشکلات میں کمی آئے گی جبکہ خواتین کو اپنی رقوم تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔

ڈاکٹر عصمت نواز نے بی آئی ایس پی کے عملے پر زور دیا کہ وہ خواتین کو ڈیجیٹل والٹ کے استعمال، موبائل سم اور فون کی حفاظت، ادائیگی کی مکمل رقم وصول کرنے اور لین دین سے متعلق تصدیقی ایس ایم ایس محفوظ رکھنے کے حوالے سے واضح رہنمائی فراہم کریں تاکہ وہ نئے نظام سے محفوظ اور موثر انداز میں استفادہ کر سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ مستحق خواتین کی امدادی رقم سے کسی بھی قسم کی غیر مجاز کٹوتی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 انہوں نے خواتین بینیفشریز کو ہدایت کی کہ وہ ادائیگی کے حوالے سے کسی بھی شکایت کی صورت میں بی آئی ایس پی کی ہیلپ لائن 080026477 پر رابطہ کریں یا متعلقہ تحصیل دفتر میں اپنی شکایت درج کروائیں۔ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی نے تربیتی سرگرمیوں میں تعاون پر اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف (UNICEF) کے سوشل پالیسی سیکشن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تربیتی سیشن میں ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اینڈ مانیٹرنگ عدنان گھمن، ڈائریکٹر جنرل پنجاب نصیر الدین سرور، ڈائریکٹر پیمنٹ فیصل اسلم، ڈائریکٹر میڈیا قر اةالعین فاطمہ، ڈائریکٹر سینٹرل زون وقارالنسا، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ ڈاکٹر قراة العین، کنسلٹنٹس فرخ و حمزہ سمیت بی آئی ایس پی اور پنجاب کے دیگر افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔