اقوام متحدہ ، 12 اکتوبر(اے پی پی): پاکستان نے شام میں سیاسی منتقلی، قومی مفاہمت اور معاشی بحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ملک کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام کی انسانی اور سیاسی صورتِ حال پر بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب، سفیر عثمان جدون نے شام کے ساتھ سفارتی روابط کی بحالی، قومی اداروں کی بحالی کی کوششوں اور معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے آثار کا خیرمقدم کیا اور شام کے مستقبل کے حوالے سے امید کا اظہار کیا۔
سفیر عثمان جدون نے قومی مفاہمت اور جامع سیاسی منتقلی کے لیے شامی حکومت کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے شامی ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کے ساتھ روابط میں پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے زور دیا کہ سویدا کی صورتِ حال سمیت باقی ماندہ مسائل کو شام کی وحدت اور علاقائی سالمیت کے مکمل احترام کے ساتھ مذاکرات، مفاہمت اور پُرامن روابط کے ذریعے حل کیا جائے۔
بین الاقوامی تعاون کی مسلسل ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شام کی تعمیرِ نو، معاشی بحالی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کا تسلسل شامی عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پابندیوں میں نرمی، سرمایہ کاری میں اضافے اور علاقائی و بین الاقوامی اقتصادی شراکت داریوں کے فروغ سے شام کی بحالی اور ترقی کو اہم تقویت ملے گی۔
سفیر عثمان جدون نے داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں، بشمول غیر ملکی دہشت گرد جنگجوؤں، سے لاحق خطرات کے پیشِ نظر مسلسل چوکس رہنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے سلامتی کو مستحکم کرنے اور قومی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے شام کی کوششوں کی حمایت کی۔
شام کے خلاف اسرائیل کی مسلسل فوجی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب نے کہا کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی قانون اور شام کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں اور علاقائی امن و استحکام کے امکانات کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ انہوں نے شام کے تمام مقبوضہ علاقوں سے اسرائیل کے انخلا اور 1974ء کے معاہدۂ علیحدگیِ افواج پر مکمل عمل درآمد کے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ مقبوضہ شامی گولان بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں، بشمول قراردادوں 338 اور 497، کے تحت شام کا علاقہ ہے۔
پاکستان اور شام کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے سفیر عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان شام کا ثابت قدم دوست اور شراکت دار رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوتے رہیں گے اور شامی عوام کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔











