صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چینی کمپنی یادیہ ٹیکنالوجی گلوبل گروپ کے چیئرمین کیو ژن یانگ کی ملاقات

3

چینی کمپنی کا پنجاب میں الیکٹرک بائیکس مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے میں اظہارِ دلچسپی
لاہور، 17 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چینی کمپنی یادیہ ٹیکنالوجی گلوبل گروپ کے چیئرمین کیو ژن یانگ نے ملاقات کی، جس میں پنجاب کے الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر ہوئی، جس میں یادیہ گروپ نے پنجاب کے کسی سپیشل اکنامک زون میں الیکٹرک بائیکس کی تیاری کا پلانٹ لگانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ گروپ کے چیئرمین نے بتایا کہ کمپنی چین سمیت مختلف ممالک میں الیکٹرک بائیکس کے پانچ کارخانے چلا رہی ہے اور پنجاب میں اپنا چھٹا پلانٹ قائم کرنا چاہتی ہے۔ یہاں تیار ہونے والی الیکٹرک بائیکس مقامی مارکیٹ میں فروخت کرنے کے ساتھ برآمد بھی کی جائیں گی۔
چوہدری شافع حسین نے یادیہ گروپ کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک وہیکلز کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ صوبائی حکومت چینی کمپنی کو سپیشل اکنامک زون میں پلانٹ لگانے کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یادیہ گروپ الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک بائیکس کے متعدد کارخانے پیداوار شروع کر چکے ہیں اور حکومت عام شہریوں کی پٹرول سے چلنے والی موٹر بائیکس کو بتدریج الیکٹرک بائیکس میں تبدیل کرنے کے فروغ پر کام کر رہی ہے۔ یادیہ گروپ اور قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں قائم ٹیکنالوجی کالج کے درمیان مشترکہ منصوبے اور تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں یادیہ گروپ کے مسٹر ایلیکس زاؤ ژی اور کمپنی کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔