اسلام آباد، 16 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ قومی اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط قائداعظم محمد علی جناحؒ کے رہنما اصول ہیں، جن کی روشنی میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 150ویں سالگرہ کے حوالے سے سرکاری لوگو کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ تقریب قائداعظم کے وژن اور قومی مقاصد کے حصول کے لیے عزم کی تجدید کا اہم موقع ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی طاقت مختلف مذاہب، زبانوں، ثقافتوں اور نسلی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کے اتحاد میں ہے۔ قومی شناخت کو مضبوط بناتے ہوئے تمام شہریوں کی ثقافتی اور علاقائی شناخت کا احترام بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا قومی ترقی کا اہم تقاضا ہے۔ قائداعظم کی بے لوث قیادت اور قومی مفادات کے لیے ان کی جدوجہد موجودہ نسل کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔
احسن اقبال نے نوجوانوں، پیشہ ور افراد، سرکاری ملازمین، کاروباری برادری، کسانوں، مزدوروں، اساتذہ اور خواتین پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں اور قومی مفادات کو ترجیح دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہدف 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بننا اور 2047 تک دنیا کی صف اول کی معیشتوں میں شامل ہونا ہے۔ اس مقصد کے لیے قومی یکجہتی، اجتماعی کوششوں اور ملکی وسائل کے مؤثر استعمال کو فروغ دینا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قائداعظمؒ کو حقیقی خراج عقیدت پیش کرنے کا تقاضا ہے کہ ان کے اصولوں کو عملی زندگی میں اپنایا جائے اور ایک خوشحال، خودکفیل اور سب کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے والے پاکستان کی تعمیر کے لیے کام کیا جائے۔











