اسلام آباد،14اکتوبر(اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سلطنت عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عمان کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط میں تعاون مزید گہرا کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس سے قبل خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ عمان کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے بھی علاقائی امن و استحکام کے لیے عمان کے تعمیری کردار اور مشترکہ امنگوں کی تعریف کی۔











