نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور عمان کے وزیر خارجہ  پاکستان , عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت

0

اسلام آباد,14اکتوبر  (اے پی پی): پاکستان اور عمان نے باہم قریبی برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، بحری امور اور لاجسٹکس کے شعبوں میں روابط، زراعت، صنعت، توانائی، افرادی قوت ، انسانی وسائل کی ترقی، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

 نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے بدھ کو  اسلام آباد میں پاکستان ۔ عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

 دونوں فریقین نے اپنے قریبی برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، بحری امور اور لاجسٹکس کے شعبوں میں روابط، زراعت، صنعت، توانائی، افرادی قوت کی نقل و حرکت، انسانی وسائل کی ترقی، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے، افرادی قوت کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے اور تجارت، سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی تعاون کے نئے مواقع سے استفادے کے لیے دونوں ممالک کے کاروباری وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

 نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاسوں کے درمیان قریبی ادارہ جاتی رابطہ کاری اور مسلسل روابط کے ذریعے طے شدہ فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔