وزیراعظم شہباز شریف کی روسی وزیر داخلہ سے ملاقات، پاکستان روس تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور

0

اسلام آباد، 14 اکتوبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور روس کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے موجودہ رفتار برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

 یہ بات انہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف سے ملاقات کے دوران کہی، جو پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔

وزیراعظم نے روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور باہمی مفاد کے لیے موجودہ دوطرفہ طریقہ کار سے مؤثر استفادہ کرتے ہوئے تعاون کو آگے بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

روسی وزیر داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی روس کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مختلف کثیرالجہتی فورمز، بالخصوص اقوام متحدہ میں پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے پاکستان اور روس کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے وسیع امکانات کو بھی اجاگر کیا۔

 انہوں نے دوطرفہ روابط مزید بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے روس کی آمادگی کا اظہار کیا۔

بعد ازاں وزیراعظم نے منظم جرائم کی روک تھام کے لیے تعاون مضبوط بنانے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔