وزیراعظم کی زیر صدارت فیول ریلیف اسکیم کا جائزہ اجلاس، 75 لاکھ سے زائد شہریوں کے مستفید ہونے پر اطمینان کا اظہار

0

اسلام آباد یکم اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف سکیم کی پیش رفت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں اسکیم پر عملدرآمد اور اب تک کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمتوں کے تناظر میں کم آمدن اور متوسط طبقے کو مسلسل ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے بروقت اور مؤثر اقدامات کے باعث ملک بھر میں عام شہری اور محنت کش طبقہ فیول سبسڈی سے بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے۔

انہوں نے 15 ستمبر سے اب تک کے مختصر دورانیے میں 75 لاکھ سے زائد شہریوں کے اس ریلیف اسکیم سے مستفید ہونے پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے فیول سبسڈی اسکیم پر مؤثر عملدرآمد اور کامیابی پر پوری حکومتی ٹیم اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کی بھرپور سراہنا کی۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ فیول سبسڈی اسکیم پوری حکومتی مشینری کے مؤثر، مربوط تعاون اور مشترکہ کاوشوں کی ایک بہترین عملی مثال بن چکی ہے۔

انہوں نے اس ضمن میں نائب وزیراعظم، وزیر آئی ٹی، وزیر اطلاعات، وزیر اقتصادی امور، وزیر خزانہ، اوگرا اور سکیم سے منسلک تمام وفاقی و صوبائی حکام کی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کے ذریعے تیار ہونے والا مستحکم اور شفاف ڈیٹا بیس مستقبل میں بھی عوام کی مختلف طریقوں سے معاونت اور ریلیف کے لیے استعمال کیا جائے گا۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ پیٹرول سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک 84 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ 75 لاکھ سے زائد شہری اب تک اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسکیم کے آغاز سے اب تک جاری کردہ 1 کروڑ 22 لاکھ ٹوکنز میں سے 1 کروڑ 3 لاکھ ٹوکنز استعمال کیے جا چکے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ 15 ستمبر سے شروع ہونے والی یہ اسکیم اب تیسرے ہفتے میں داخل ہو رہی ہے اور پہلی و دوسری بار سبسڈی حاصل کرنے والے شہری اب اگلے ہفتے کی سبسڈی حاصل کر سکیں گے۔بریفنگ کے مطابق ملک بھر کے 129 اضلاع میں اسکیم پر عملدرآمد جاری ہے اور تمام پیٹرول پمپس شہریوں کو یہ سہولت فراہم کر رہے ہیں جبکہ رہنمائی کے لیے 24 گھنٹے فعال کال سینٹر بھی قائم ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، محمد اورنگزیب، بلال اظہر کیانی، طارق باجوہ اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔