وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت قومی زرعی و غذائی تحفظ کونسل کا پہلا اجلاس، زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار

3

اسلام آباد: 13 اکتوبر  (اے پی پی) : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں قومی زرعی و غذائی تحفظ کونسل کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور پاکستان کی معیشت کو قلیل مدت میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی وسیع استعداد رکھتی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کسانوں کی ترقی، ایکوا کلچر، شرمپ فارمنگ (میٹھا و نمکین پانی کے جھینگے کی کاشت) اور کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو براہِ راست سبسڈی فراہم کرنے جیسے احسن اقدامات کر رہی ہیں، جبکہ وزیرِ اعلیٰ سندھ کسانوں کی ترقی اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے لیے شب و روز محنت کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لائیو اسٹاک کا شعبہ بھی ملکی برآمدات بڑھانے کی وسیع استعداد رکھتا ہے اور حکومت پاکستانی حلال گوشت کی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت صوبوں کو زراعت کی ترقی کے لیے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔ کسانوں کو کم لاگت پر کھاد، معیاری بیج، جدید مشینری اور پانی کے بہتر استعمال کے لیے آلات و تکنیکی صلاحیتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اس کے علاوہ کسانوں بالخصوص چھوٹے و درمیانے درجے کے کسانوں کو ان کی فصل کی صحیح قیمت فراہم کرنا بھی ترجیح ہے۔

گندم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے گندم وافر مقدار میں موجود ہے اور گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ گندم کی بوائی سے پہلے اس کی صحیح قیمت کا تعین ضروری ہے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ مل سکے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کسانوں کو گندم کی صحیح قیمت اور صارف کو سستی گندم ملے۔ گندم کی قیمت کے حوالے سے فیصلہ صوبوں کے ساتھ مشاورت سے کیا جائے گا اور مشاورت مکمل کر کے جلد اس کا اعلان کیا جائے گا۔اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور وزیرِ خوراک سندھ نے پنجاب اور سندھ میں کسانوں کی ترقی کے لیے صوبائی حکومتوں کے اقدامات پر روشنی ڈالی، جبکہ بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی زراعت کی ترقی کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، جام کمال خان، احد خان چیمہ، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، خالد حسین مگسی، میاں معین وٹو، مشیران رانا ثناء اللہ، ہارون اختر، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیرِ زراعت سندھ مخدوم محبوب الزمان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔