وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی وزیر مملکت کی ملاقات، غیر قانونی امیگریشن اور انسداد منشیات پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

3

اسلام آباد،  70 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے برطانوی وزیر مملکت برائے خارجہ امور اسٹیفن ڈوٹی  نے  ملاقات کی۔

ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ غیر قانونی امیگریشن، انسداد منشیات اور انسداد دہشتگردی کے لیے تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

جعلی اسٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے برطانیہ جانے کے رجحان کی روک تھام کے لیے مشترکہ طور پر سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں مشرق وسطی کی صورتحال اور پاکستان کے مثبت کردار پر بھی بات چیت بھی  ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں مشترکہ ورکنگ گروپ کی 90 روزہ پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیااور  افغانستان کے ساتھ سرحدی صورتحال کے تناظر میں بھی بات چیت ہوئی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جعلی اسٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے بیرون ملک جانے والے پاکستانی طلبہ کے معاملے میں سخت جانچ پڑتال ضروری ہے، اینٹی نارکوٹکس فورس نے برطانیہ اسمگل کی جانے والی 55 میٹرک ٹن منشیات ضبط کیں۔

برطانوی وزیر اسٹیفن ڈوٹی نے پاکستان میں آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں کی تعریف کی۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، قونصلر سیکیورٹی الاسڈئیر گرانٹ اور سیکریٹری میتھیو میک ماہون بھی اس موقع پر موجود تھے۔