وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ ترکیہ، ترک ہم منصب سے ملاقات میں سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

3

استنبول،  09اکتوبر   )اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورۂ ترکیہ کے دوران ترکیہ کی وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اپنےترک ہم منصب مصطفیٰ چفتچی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے اور دہشتگردی، منشیات اور منظم جرائم کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ترک ہم منصب کو پاکستان میں غیر قانونی امیگریشن مافیا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن اور اس کے مثبت نتائج سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ترک وزیر داخلہ مصطفیٰ چفتچی نے بتایا کہ پاکستان سے ترکیہ کی جانب غیر قانونی امیگریشن کی شرح 70 فیصد سے کم ہو کر 17 فیصد رہ گئی ہے۔ انہوں نے غیر قانونی امیگریشن میں کمی کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔

 ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دہشتگردی، منشیات اور منظم جرائم کے سدباب کے لیے تعاون بڑھانے کے معاہدے پر دونوں وزرائے داخلہ نے دستخط کیے۔ دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں سائبر پولیس، اینٹی نارکوٹکس فورس، نیشنل پولیس اکیڈمی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں تکنیکی معاونت، ماہرین کے تبادلوں اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔