وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا مرحوم رکن قومی اسمبلی بشیر ورک کو خراج عقیدت، پارلیمانی خدمات کو سراہا

4

اسلام آباد،13 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں مرحوم رکن قومی اسمبلی بشیر ورک کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک شفیق، خوش اخلاق اور کشادہ پیشانی کے حامل انسان تھے جنہوں نے اپنی جماعت کے ساتھ وفاداری نبھائی اور ہمیشہ پارٹی نظم و ضبط کی پابندی کی۔

منگل کو اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ مرحوم بشیر ورک نے اپنی پارلیمانی ذمہ داریاں نہایت خوش اسلوبی اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ ان کی پارلیمانی خدمات کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پارلیمنٹ کے وہ ارکان جو اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، ان کی خدمات کو ایوان میں اچھے الفاظ کے ساتھ یاد کرنا ہماری اخلاقی اور پارلیمانی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے سابق ساتھیوں کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہیے اور ان کے لیے ایوان میں احترام کا اظہار کرنا چاہیے۔

وزیر دفاع نے مرحوم بشیر ورک کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔