وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت اجلاس، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لیے ٹینڈرنگ شروع کرنے کی ہدایت

5

اسلام آباد، 6 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت آسان خدمت مراکز کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لیے فنڈز کی فراہمی پر بریفنگ دی گئی جبکہ چیف سیکریٹریز نے مراکز کے قیام کے لیے ٹینڈرنگ شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق مراکز کے قیام کا عمل تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں دیگر شہروں تک آسان خدمت مراکز کی توسیع کے لیے سرکاری، ہائبرڈ اور نجی ماڈلز کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت حکومت ضروری سہولیات فراہم کرے گی جبکہ نجی ادارہ مرکز کے انتظامی امور چلائے گا۔ نجی ماڈل کے تحت حکومت لائسنس جاری کرے گی اور نجی ادارہ عمارت سمیت دیگر انتظامات کرے گا۔

وفاقی وزیر نے توسیع کے مختلف ماڈلز پر فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرکے قابل عمل تجاویز وزیراعظم کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نادرا اور دیگر خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو آسان خدمت مراکز کے اخراجات میں حصہ دار بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ مراکز کے قیام اور توسیع کے عمل کو مؤثر اور عوام دوست انداز میں آگے بڑھایا جائے۔

وفاقی وزیر احد چیمہ نے جی-9 آسان خدمت مرکز کی خدمات اور عوامی سہولت کے لیے فراہم کردہ اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مرکز کی سہولیات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں دیگر شہروں میں ڈاکخانوں اور سرکاری عمارتوں کے ذریعے احساس خدمت کی خدمات کی فراہمی کے امکانات کا فزیبلٹی جائزہ لینے پر بھی غور کیا گیا۔