وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ کی متوفیہ طالبہ لائبہ کے گھر آمد، اہل خانہ سے تعزیت

0

 

اسلام آباد ، 10 اکتوبر ( اے پی پی):  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری جی 10 میں متوفیہ طالبہ لائبہ کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے طالبہ لائبہ کے والد اور اہل خانہ سے ملاقات کی اور المناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت نے متوفیہ طالبہ کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوگوار خاندان کو ہر صورت انصاف کی فراہمی کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ لائبہ کی موت کے دلخراش واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ المناک واقعہ کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ آپ کو انصاف کی فراہمی ہمارا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی، ملزم قانون کے تحت سخت سزا سے نہیں بچ سکے گا۔ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس تمام پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، حقائق سامنے لائے جائیں گے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جی، ایس ایس پی آپریشنز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔