پاکستان اور نیدرلینڈز کا تجارت، سرمایہ کاری اور زرعی و آئی ٹی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

6

اسلام آباد، 12 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی سیکرٹری تجارت جواد پال سے نیدرلینڈز کے کاروباری وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور صنعتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈچ کاروباری وفد کی قیادت مرلن میلس نے کی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری تجارت کی جانب سے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ، اسپیشل سیکرٹری تجارت سید حامد علی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

جواد پال نے کہا کہ پاکستان میں برآمدی صنعتوں اور مشترکہ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ڈچ کمپنیاں پاکستان کی صنعتی صلاحیتوں اور ہنرمند افرادی قوت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دے سکتی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے کہا کہ نیدرلینڈز یورپی یونین میں پاکستانی مصنوعات کی دوسری بڑی برآمدی منڈی ہے اور دونوں ممالک کی دوطرفہ تجارت تقریباً 1 ارب 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں ڈچ کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیدرلینڈز پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے مشترکہ منصوبوں، تحقیق اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کو بھی اجاگر کیا۔

ڈچ کاروباری وفد نے پاکستانی صنعتوں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے سافٹ ویئر، انجینئرنگ اور ڈیجیٹل خدمات کے شعبوں میں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری میں دلچسپی ظاہر کی۔ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے نمائندوں نے بھی ڈیجیٹل خدمات میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں پاکستان کی زرعی پیداوار، فوڈ پروسیسنگ، ڈیری سیکٹر، ٹیکسٹائل، کھیلوں کی مصنوعات اور ویلیو ایڈڈ صنعتوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت تجارت کی جانب سے یورپی یونین کے جی ایس پی پلس (GSP+) پروگرام اور پاکستانی برآمدات کو حاصل تجارتی سہولتوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

ڈچ وفد نے کراچی میں ٹیکسٹائل اور صنعتی اداروں سمیت پاکستانی کمپنیوں کے دوروں کے تجربات سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں فریقین نے کاروباری روابط کو مزید مستحکم بنانے اور تجارتی دلچسپی کو عملی منصوبوں اور مشترکہ سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔