پاکستان عالمی سرمایہ منڈیوں میں اپنی پوزیشن مستحکم بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پرعزم ہے:وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

5

بنکاک، 12 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سرمایہ منڈیوں میں اپنی پوزیشن مستحکم بنانے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور تجارتی روابط کو وسعت دینے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔

بلومبرگ ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کی پانڈا بانڈ مارکیٹ تک پاکستان کی رسائی اہم پیش رفت ہے، جبکہ حکومت عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط بڑھانے اور مالیاتی ذرائع میں تنوع پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ پاکستان اسلامی سکوک اور دیگر مالیاتی ذرائع کے ذریعے سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری ملکی معیشت پر عالمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ حکومت معاشی استحکام کو برقرار رکھنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی پوزیشن مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی معاشی حکمت عملی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر مرکوز ہے۔ امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات اور سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے بات چیت جاری ہے۔ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکام کے ساتھ مثبت روابط سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستانی روپے کا استحکام اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری معاشی استحکام کی عکاسی کرتے ہیں۔ حکومت معاشی نمو میں اضافے، ٹیکس وصولیوں کو بہتر بنانے اور مالیاتی نظم و ضبط کے ذریعے معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی اور غذائی تحفظ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ کھاد کے موجودہ ذخائر اور مقامی پیداواری صلاحیت غذائی تحفظ کے لیے معاون ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ مثبت روابط اور ایرانی قیادت کے ساتھ اعتماد نے اسلام آباد میں مفاہمت کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے۔