پاکستان میں معاشی استحکام کی بحالی سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے،سینیٹر محمد اورنگزیب

1

کراچی، 06 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام کی بحالی سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، حکومت پائیدار اور ذمہ دارانہ اقتصادی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کو مزید مستحکم کر رہی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انھوں نے یو این ڈی پی پاکستان کے زیر اہتمام ‘‘ایس ڈی جیز انویسٹمنٹ فیئر 2026: پاکستان کے پائیدار مستقبل میں سرمایہ کاری’’ کے موضوع پر کلیدی خطاب کرتے  ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میکرو اکنامک استحکام سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، پاکستان نے معاشی استحکام کی سمت اہم پیش رفت کی ہے اور اب توجہ پائیدار ترقی،سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر مرکوز ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت ذمہ دارانہ اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے تاکہ معیشت کو پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھایا جا سکے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا جائے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ مقامی سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروباری مواقع میں بڑھتی ہوئی دلچسپی حوصلہ افزا ہے۔ مقامی کاروباری گروپس کا باہمی تعاون اور کنسورشیمز کی صورت میں آگے بڑھنا سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی کمپنیوں کی شمولیت اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا بڑھنا بھی ملک میں کاروباری اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ نجی شعبہ معیشت کے استحکام اور روزگار و کاروباری مواقع کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان کی اقتصادی سمت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مثبت انداز میں دیکھ رہے ہیں۔ مختلف ممالک کی کمپنیوں کی جانب سے نجکاری کےعمل اور دیگر شعبوں میں دلچسپی اس بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔

انھوں نے کہا کہ حالیہ بین الاقوامی مالیاتی سرگرمیوں میں عالمی سرمایہ کاروں کی شرکت پاکستان کی معیشت کی سمت پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ ایشیا، مشرق وسطیٰ، یورپ اور امریکا کے سرمایہ کاروں کی دلچسپی پاکستان کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت مہنگائی، اقتصادی نمو اور دیگر اہم معاشی اشاریوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور بدلتے ہوئے عالمی و علاقائی حالات کے تناظر میں معیشت کے استحکام کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں، نجی شعبے اور ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان مؤثر تعاون ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو سرمایہ کاری اور ترقی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے اس ماڈل کے ذریعے اہم پیش رفت کی ہے جو دیگر صوبوں اور وفاق کے لیے بھی ایک مثبت مثال ہے۔