پاکستان کا خطۂ گریٹ لیکس میں پائیدار جنگ بندی اور امن سے متعلق وعدوں پر مؤثر عمل درآمد پر زور

6

اقوام متحدہ، 14 اکتوبر(اے پی پی ): پاکستان نے جمہوریہ کانگو کے مشرقی علاقوں میں مؤثر اور پائیدار جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ سفارتی وعدوں کو خطۂ گریٹ لیکس میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ٹھوس اور قابلِ تصدیق پیش رفت میں تبدیل کریں۔

خطۂ گریٹ لیکس سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب،سفیر عثمان جدون نے شمالی اور جنوبی کیوو میں جاری لڑائی،مسلح گروہوں کی سرگرمیوں اور ڈرونز کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا، جو شہریوں کے لیے خطرات اور علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے ایبولا کی وبا کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اضافی انسانی بحران کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی۔

سفیر عثمان جدون نے سلامتی کونسل کی قراردادوں 2773 اور 2808 پر مکمل عمل درآمد کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے افریقی یونین کی قیادت میں جاری ثالثی، واشنگٹن عمل اور دوحہ فریم ورک کے تحت مسلسل سفارتی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان اقدامات میں بہتر ہم آہنگی اور زمینی سطح پر ٹھوس پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے جنگ بندی کی نگرانی کے انتظامات کوعملی شکل دینے کا خیرمقدم کیا،جن میں منیمبوی اور مسیسی کے علاقوں میں کے پہلے تصدیقی مشن بھی شامل ہیں۔ انہوں نے جنگ بندی کی نگرانی کے لیے ایک مؤثر، قابلِ اعتماد اور غیر جانب دار نظام کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے متفقہ علاقائی اور سفارتی فریم ورکس کے تحت مسلح گروہ  کو غیر مسلح کرنے اور اس کے ارکان کو غیر متحرک کرنے کے لیے جاری اقدامات کا بھی خیرمقدم کیا۔

امن،سلامتی اور تعاون کے فریم ورک کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے سفیر عثمان جدون نے اس کی تجدید، افریقی قیادت اور ملکیت کو مضبوط بنانے اور جاری امن اقدامات کے مابین بہتر ہم آہنگی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل کے غیر قانونی استحصال اور اسمگلنگ، جو بدستور عدم استحکام کے بنیادی محرکات میں شامل ہیں،سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون، شفافیت اور وسائل کی ترسیل و تجارت کا قابلِ سراغ ہونا ناگزیر ہے۔

جنگ بندی پر عمل درآمد میں اقوام متحدہ کے مشن برائے استحکام جمہوریہ کانگو کے تعمیری کردار کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے حصول کے لیے مسلسل سیاسی عزم، قابلِ تصدیق عملی اقدامات اور متعلقہ ممالک اور فریقین کے درمیان اعتماد کی بحالی ناگزیر ہے۔

پاکستان نے جمہوریہ کانگو کی خودمختاری،اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے خطۂ گریٹ لیکس میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔