راولپنڈی، 13 اکتوبر )اے پی پی): پاک فوج نے منگل کو ہائپرسونک بیلسٹک میزائل، فتح-2 ایکسٹینڈڈ رینج (ای آر) کا کامیاب تجربہ کیا۔ یہ ہتھیار جدید نیویگیشن اور جدید ترین ایویونکس سے لیس ہے۔
یہ اپنی منفرد ٹریجیکٹری اور مہارت سے رخ بدلنے کی صلاحیت کی وجہ سے دشمن کے میزائل ڈیفنس سسٹمز کو ناکام بناتے ہوئے اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فتح-2 ای آر اپنی توسیع شدہ رینج کے ساتھ فوج کی رسائی اور گہرے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کو مزید بڑھائے گا۔
آج کے تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران اور سائنسدانوں و انجینئرز نے کیا۔ کمانڈر اے آر ایف سی نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی لگن اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔
صدرِ مملکت اور وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح-2 ویپن سسٹم کے توسیع شدہ رینج ورژن کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔











