لاہور، 9 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب اوقاف بورڈ کا اجلاس پیسک ہاؤس، ڈیوس روڈ پر منعقد ہوا، جس میں آٹھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور ادارے کے مختلف مالیاتی و انتظامی امور کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مزارات پر نصب کیش باکسز کی آمدن میں 100 فیصد اضافے پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائیوں کے باعث مزارات کے کیش باکسز کی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
بورڈ نے داتا دربار ہسپتال میں پرنسپل میڈیکل آفیسر اور سینئر میڈیکل آفیسر کی آسامیوں کے سروس رولز کی منظوری دے دی، جبکہ ہسپتال میں مفت ٹیسٹوں کی سہولت اور نرسنگ ہاسٹل سے متعلق پالیسیاں بھی منظور کر لی گئیں۔ خاتم النبیین یونیورسٹی کے کانفرنس ہال کے استعمال کے لیے فیس وصولی کی پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق اوقاف آرگنائزیشن کے ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اور پنشن میں ساڑھے تین فیصد اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ ادارے کے دیگر مالیاتی اور انتظامی امور پر بھی فیصلے کیے گئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ محکمہ اوقاف کو ہر قسم کی کرپشن اور بدعنوانی سے پاک کیا جائے گا۔ جن افسران اور اہلکاروں کے خلاف کرپشن کے الزامات ثابت ہو چکے ہیں، ان کے کیسز اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بدعنوان عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل جاری ہے، جس کی تکمیل سے ادارے کے امور میں مزید شفافیت آئے گی۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات اور اقدامات کے باعث محکمے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
صوبائی وزیر نے اوقاف کی اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کی مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اوقاف کی بنجر اراضی کو قابلِ کاشت بنانے کے لیے بھی جامع پلان طلب کر لیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جو قرآن کمپلیکس میں قائم خاتم النبیین یونیورسٹی میں کلاسز جلد شروع کرنے کے انتظامات کا جائزہ لے گی۔
چوہدری شافع حسین نے دربار ہسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری کے منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مزارات اور مساجد کی تزئین و آرائش کا بڑا پروگرام بھی تیزی سے جاری ہے۔
سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اجلاس کو ایجنڈا آئٹمز، ادارے کی آمدن بڑھانے کے لیے کیے گئے اقدامات اور جاری اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اوقاف بورڈ کے ارکان اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔











