چیئرمین سی ڈی اے کا سیکٹر C-14 اور سنگجانی انٹرچینج کا تفصیلی دورہ ،ترقیاتی کاموں کا جائز ہ

1

اسلام آباد اکتوبر (اے پی پی) سیکٹر C-14 میں بنیادی انفراسٹرکچر مکمل، بجلی کی فراہمی آخری مراحل میں، ترقی یافتہ پلاٹس کا قبضہ الاٹیز کے حوالے کرنے کا عمل شروع

اسلام آباد، 9 اکتوبر ( اے پی پی ): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف نے سیکٹر C-14 اور سنگجانی انٹرچینج کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، تعمیراتی معیار اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ممبر بلڈنگ، ممبر اسٹیٹ، ممبر ایڈمنسٹریشن، ڈائریکٹر جنرل ورکس، ڈائریکٹر جنرل انفراسٹرکچر، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سیکٹر C-14 کے دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کو مکمل اور جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ متعلقہ افسران نے بتایا کہ سیکٹر میں بنیادی انفراسٹرکچر کی ترقی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ بجلی کی فراہمی کے انتظامات آخری مراحل میں ہیں۔

سیکٹر کی مرکزی شاہراہوں پر لائٹ پولز کی تنصیب اور مرکزی سڑکوں و گلیوں میں سائن بورڈز لگانے کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے، جبکہ سیکٹر کی خوبصورتی میں اضافے اور شہریوں کو جدید و معیاری رہائشی ماحول فراہم کرنے کے لیے لینڈ اسکیپنگ اور ہارٹیکلچر کے کام تیزی سے جاری ہیں۔

بنیادی انفراسٹرکچر کی تکمیل کے بعد ترقی یافتہ پلاٹس کا قبضہ الاٹیز کے حوالے کرنے کا باقاعدہ عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس عمل کو مزید تیز کیا جائے اور باقی ماندہ اہل الاٹیز کو بلا تاخیر پلاٹس کا قبضہ فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کے وژن اور ہدایات کے مطابق اسلام آباد کے شہریوں کی رہائشی ضروریات پوری کرنا سی ڈی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی منصوبہ بند اور پائیدار ترقی کے لیے بڑے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ نئے رہائشی سیکٹرز کو بروقت ترقی دینا بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سیکٹر C-14 میں باقی ماندہ ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں، انتظامی و تکنیکی رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے اور پلاٹس کا قبضہ الاٹیز کے حوالے کرنے سے متعلق تمام کارروائیوں کو تیز کیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صرف انفراسٹرکچر تعمیر کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو بہتر رہائشی سہولیات کی عملی فراہمی یقینی بنانا بھی ہے۔ لہٰذا ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد قبضے کی فراہمی یا دیگر متعلقہ امور میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔بعد ازاں چیئرمین سی ڈی اے نے سنگجانی انٹرچینج کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی و ترقیاتی سرگرمیوں کا موقع پر تفصیلی جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے انہیں منصوبے پر پیش رفت، تعمیراتی معیار اور تکمیل کے مقررہ اہداف کے بارے میں بریفنگ دی۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور اسے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے میں تعمیراتی معیار، پائیداری اور منظور شدہ معیار و ضوابط پر عمل درآمد کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے جاری منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی، موقع پر پیش آنے والے مسائل کے فوری حل اور تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار متاثر نہ ہو۔

چیئرمین سی ڈی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد کی ترقی ایک مسلسل عمل ہے اور شہریوں کو جدید انفراسٹرکچر، بہتر رہائشی سہولیات، خوبصورت شہری ماحول اور مؤثر بلدیاتی خدمات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔