چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا پشاور میں اسکول حادثے کی جائے وقوعہ کا دورہ، جاں بحق بچوں کے والدین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار

0

پشاور، 16 اکتوبر  (اے پی پی): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے پشاور کے علاقے دیر کالونی، سعیدآباد میں اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور جاں بحق بچوں کے والدین سے ملاقات کرکے تعزیت کی۔ انہوں نے اس المناک سانحے میں معصوم بچوں اور اساتذہ کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس ناقابلِ تلافی نقصان پر پوری قوم سوگوار ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات میں غفلت اور کوتاہی کے ذمہ داروں کی نشاندہی کرکے انہیں قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نظام کی کمزوریوں اور غفلت کا بروقت سدباب ضروری ہے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مواقع پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے غمزدہ خاندانوں کے دکھ کو سمجھنے، ان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنے اور مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں اور اساتذہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل دے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں بچوں اور اساتذہ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اسکولوں کی عمارتوں کی باقاعدہ حفاظتی جانچ اور مؤثر حفاظتی انتظامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔