ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیر انتظام گلاب پارک کی تزئین و آرائش کا کام مکمل

6

راولپنڈی6اکتوبر(اے پی پی): ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیرِ انتظام گلاب پارک کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ پارک میں شہریوں بالخصوص فیملیز کے لیے شاندار تفریحی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سرسبز و شاداب ماحول کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے پارک کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے گرین بیلٹس، پھولوں کی کیاریاں، پودوں اور دیگر ہارٹیکلچر ورک کو بہتر بنایا گیا ہے، جبکہ پارک کے مختلف حصوں کی صفائی، دیکھ بھال اور تزئین و آرائش کے ذریعے مجموعی ماحول کو مزید دلکش بنایا گیا ہے۔

گلاب پارک میں فیملیز اور بچوں کے لیے تفریحی ماحول کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ شہری اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ پرسکون اور صحت مند ماحول میں معیاری وقت گزار سکیں۔ پارک میں سرسبز لانز اور خوبصورت پھولوں کے باعث اس کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات پر شہر کے پارکس اور گرین بیلٹس کی بحالی، تزئین و آرائش اور خوبصورتی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی اور راولپنڈی کو مزید سرسبز، خوبصورت اور صحت مند شہر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی نے کہا کہ پارکس شہریوں کے لیے صحت مند تفریح اور مثبت سرگرمیوں کے اہم مراکز ہیں، اس لیے شہر کے تمام پارکس کو بہتر حالت میں رکھنے، شجرکاری کو فروغ دینے اور شہریوں کو صاف ستھرا اور خوبصورت ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرسبز راولپنڈی” کے وژن کے تحت شہر میں گرین اسپیسز کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پارکس کو شہریوں، بچوں اور فیملیز کے لیے مزید پرکشش بنایا جا رہا ہے۔ گلاب پارک کی تزین و آرائش بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔