اسلام آباد، 09 نومبر ( اے پی پی):: مسلم انسٹی ٹیوٹ کے زیرِ اہتمام یومِ اقبال کی مناسبت سے ‘‘تصورِ وجود اور خدائے باری تعالیٰ کے بارے میں اقبال کے فلسفیانہ منہج کی تشکیلِ نو’’ کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ نیشنل لائبریری اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
مرکزی مقرر ڈاکٹر ادریس آزاد نے علامہ اقبال کے تصورِ خدا اور فلسفۂ خودی کا جدید طبیعیات، حیاتیات اور نیورو سائنس کے تناظر میں جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اقبال نے خدا کے وجود پر بحث کا آغاز روایتی دلائل کے بجائے انسانی داخلی تجربے اور شعور سے کیا۔ ورکشاپ میں انسانی شعور، حقیقت، وحدت، حیات اور خودی کے باہمی تعلق پر بھی گفتگو ہوئی۔
مقرر نے اس امر پر زور دیا کہ انسان کی اپنی ذات اور باطن کی معرفت اسے اپنے خالق کی معرفت کی جانب رہنمائی کرتی ہے۔
ورکشاپ میں ملک بھر سے طلبہ ، محققین اور علم و فلسفہ سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔











