اسلام آباد، 05 نومبر (اے پی پی): اسلام آباد میں جاپانی سفارت خانے کے زیراہتمام جاپان سیلف ڈیفنس فورسز (جے ایس ڈی ایف) کے 72 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمانِ خصوصی اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی نمائندگی کرتے ہوئے سابق وزیراعظم و رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے شرکت کی۔
تقریب کے میزبان جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی تھے، جبکہ ملٹری حکام، وزراء، پارلیمنٹرز اور سفارت کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر جاپانی سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاپان ہمیشہ عدم تشدد، خصوصی دفاعی پالیسی اور قانون کی بالادستی پر مبنی امن کا داعی رہا ہے اور پاکستان کی تنازعات کو مذاکرات میں بدلنے کی سفارتی صلاحیتیں عالمی سطح پر قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے 2010 کے سیلاب میں جاپانی امداد، دفاعی تعلیمی تبادلے اور کثیرالقومی بحری مشق ‘امن-25’ میں جاپانی بحریہ کے جہاز کی شرکت سمیت دونوں ممالک کے دفاعی و دوطرفہ تعلقات کے استحکام کا اعادہ کیا۔











